یونیورسٹی آف سوات کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ محبوب الرحمان تمام الزامات سے بری، عہدے پر بحال

سوات: یونیورسٹی آف سوات کے سینڈیکیٹ نے اپنے 71ویں اجلاس میں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (بی پی ایس-20) محبوب الرحمان کے خلاف عائد تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں عہدے پر فوری طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کر دیا۔
سینڈیکیٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا و چانسلر یونیورسٹی آف سوات کے 28 جولائی 2026 کے احکامات کی روشنی میں تشکیل دی گئی ڈی نووا انکوائری کمیٹی کی رپورٹ، دستیاب ریکارڈ، شواہد اور ذاتی سماعت کے بعد کیا گیا۔ انکوائری کے نتیجے میں محبوب الرحمان کے خلاف عائد الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری قرار دیا گیا۔
اجلاس میں انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے محبوب الرحمان کو ان کے عہدے پر بحال کرنے، ملازمت کا تسلسل برقرار رکھنے اور قانون و قواعد کے مطابق تمام مالی و سروس مراعات ادا کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
یونیورسٹی حکام کے مطابق یہ فیصلہ یونیورسٹی آف سوات ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن اسٹیٹیوٹس کے تحت جاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا گیا، جس کے ساتھ ہی محبوب الرحمان کے خلاف تمام تادیبی کارروائی ختم کر دی گئی۔



