ڈی جی و سیکریٹری ہیلتھ کڈنی ہسپتال کرپٹ انتظامیہ کی پشت پر ہے۔ ایم پی اے عزیزاللہ گران
سوات سے پی ٹی آئ ایم پی اے عزیزاللہ گران نے اپنے ہی حکومت کے خلاف کڈنی ہسپتال منگلور کے سامنے درجنوں کارکنوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عزیزاللہ گران نے الزام عائد کیا کہ کڈنی ہسپتال میں نوکریوں کی بندر بانٹ کے ساتھ ساتھ دیگر بے قاعدگیاں جاری ہیں۔ ہسپتال کا ایم ایس بطریق احسن ڈیوٹی نہیں کررہا اور نہ ہی ڈیوٹی پر آتا ہے۔ انہوں نے صوبائی ڈی جی ہیلتھ اور ہیلتھ سیکریٹری پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بھی ایم ایس کی پُشت پناہی کررہے ہیں۔ سوات میں بدعنوان افسران کیلئے کوئی جگہ نہیں، مذکورہ ایم ایس کو ضلع بدر کرکے ہی دم لیں گے۔
دوسری جانب کڈنی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ایوب نے میڈیا کو بتایا کہ ہسپتال میں ٹیکنیکل سٹاف کی آسامیاں خالی تھیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے صوبائی حکومت کے پالیسی کے عین مطابق ان پوسٹوں کی تشہیر کرائی اور ہر پوسٹ کیلئے میرٹ پر پورا اترنے والے پانچ پانچ امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ ایم پی اے عزیزاللہ گران کی طرف سے انکو اپنے من پسند افراد کی بھرتی کیلئے لسٹ دیا گیا ہے اور چاہتے ہیں کہ لسٹ میں شامل افراد کو ہی بھرتی کیا جائے۔ یہ تمام ٹیکنیکل آسامیاں ہیں نہ کہ کلاس فور، اور ان پر صرف اہل امیدواروں کو ہی بھرتی کیا جاسکتا ہے۔
ایم پی اے کی بات نہ ماننے پر یہ سارا کھیل کھیلا جارہا ہے۔ اور عزیزاللہ گران دھرنے کا سہارا لیکر ہسپتال انتظامیہ کو بلیک میل کرنے اور اپنی ہی حکومت کی پالیسی کے خلاف جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کی پالیسی پر چلتے ہوئے میرٹ کی بالادستی یقینی بنائیں گے اور کسی بھی صورت کسی کےدباؤ میں نہیں آئینگے۔