سوات میں بڑی عید کے لئے بڑا سیکورٹی پلان تیار
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔29اگست 2017ء )سوات میں عید الاضحی کے موقع پر سیاحو ں اور علاقے کی لوگوں کی حفاظت کے لئے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ،تمام عملہ اورافسران کی چھٹیاں منسوخ ،داخلی و خارجی راستوں کی کھڑی نگرانی کی ہدایت ،ضلع بھر میں پولیس کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ مشترکہ اپریشن جاری گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پولیس افسیر محمد اعجاز خان نے سوات میں عید الا اضحی کیلئے جامع سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے ضلع بھر میں تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر چوبیس گھنٹے گشت کو یقینی بنائیں اور تمام داخلی و خارجی راستوں کی کھڑی نگرانی کریں اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الضحیٰ کے موقع پر سوات آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے ،انہوں نے کہا کہ عید سے پہلے منڈی مویشاں کیلئے خصوصی سیکورٹی فراہم کردی گئی ہے اور ضلع بھر میں منڈی مویشاں پر خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے‘ اسکے علاوہ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر میلہ مویشاں کی کسی بھی صورت اجازت نہیں ہوگی تاکہ ٹریفک میں خلل نہ پڑے، انہوں نے ہدایت کی کہ مینگورہ شہر کی اہم شاہراہوں ،خواتین شاپنگ مارکیٹوں اور بازاروں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے، عید کے روز نماز عید کے لئے مساجد کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی ،محمد اعجاز خان نے کہا کہ عید سے پہلے سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سوات کے بالائی علاقوں میں پاک فوج کے ساتھ مشترکہ سرچ اپریشن جاری ہے جس میں متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے انہوں نے عوام سے شر پسند عناصر پر نظر رکھنے اور کسی بھی مشکوک شخص کے بارے میں پولیس کو بروقت اطلاع دینے کی اپیل کی ۔