تحریک انصاف کی دوغلی پالیسیوں سے عوام مایوس ہو چکے ہیں،مولانا گل نصیب
سوات (زما سوات ڈاٹ کام۔10ستمبر2017 ) جمعیت علماء اسلام صوبہ خیبر پختونخوا کے امیر مولانا گل نصیب خان نے کہا ہے کہ ناچ گانوں کے ذریعے تبدیلی لانے والے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ، تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کو ترقی دینے کے بجائے مزید پسماندہ کر دیا ہے ، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے عوام کو جے یو آئی کا ساتھ دینا ہو گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدین مورپنڈی میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اعجاز خان ، سابق سنیٹر مولانا راحت حسین ، ضلعی امیر قاری محمود ، جنرل سیکرٹری اسحاق زاہد ، مولانا حجت اللہ ، مولانا رفیع اللہ قاسم ، مفتی کفایت اللہ ، مولانا علی رحمان ، پروفیسر ظاہر شاہ ، بخت زادہ اور نیروز میاں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سرکردہ شخصیت الحاج نیروز میاں ، سید الطاف حسین ، سابق ڈی سی او ، میاں بخت زادہ ، پروفیسر ظاہر شاہ نے اپنے خاندانوں اور سیکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ کر جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی زمین پر اللہ کا نظام چاہتے ہیں عالم اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے کوششیں جہاد سے کم نہیں انہوں نے کہا کہ اس شمولیتی جلسہ عام سے واضح ہو گیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں جمعیت علماء اسلام سات صوبائی اور دو قومی اسمبلی کی سیٹیں جیت کر دکھائے گی انہوں نے کہا کہ بر ما کے مسلمانوں کو ظلم سے بچانے کیلئے محمد بن قاسم کی ضرورت ہے انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام تحریک انصاف کی دوغلی پالیسی اور ناچ گانوں کے کلچر سے مایوس ہو چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے ہر جلسہ عام میں ہزاروں افراد جمعیت کے جھنڈے تلے جمع ہو کر مولانا فضل الرحمن کے اسلامی جدوجہد میں انکا ساتھ دینے کا عہد کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری کسی بھی سیاسی راہنما سے کوئی اختلاف نہیں اگر کوئی اختلاف ہے تو صرف اور صرف اسلامی نظام کے نفاذ پر ہے جمعیت علماء اسلام اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی کوششیں کر رہی ہے اگر ملک میں جے یو آئی نہ ہوتی تو آج اس ملک میں کوئی مسجد اور مدرسہ محفوظ نہ ہوتا ہم حق اور باطل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔