بدترین مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے،فضل رحمان نونو
سوات(زما سوات ڈاٹ کام )قومی وطن پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل رحمان نونو نے کہاہے کہ بدترین مہنگائی کے سبب غریب عوام کی قوت خرید جواب دے گئی اور وہ فاقوں پرمجبورہوگئےہیں، مرکزی اورصوبائی حکومت صرف تماشا دیکھ رہی ہے،انہیں عوام کی فکر ہے اور نہ ہی مہنگائی کے خاتمہ کیلئے کوئی پلا ن رکھتی ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت صوبے میں سبزی سے لے کر پھلوں اور روزمرہ استعمال ہونے والی دیگر اشیاء کے نرخ آسمان سے باتیں کررہی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید ختم ہورہی ہے اور اگر یہ صورتحال مزید کچھ عرصہ تک اسی طرح برقراررہی تو لوگ فاقہ کشی پر مجبورہوجائیں گے، دوسری جانب ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور گیس،بجلی پیٹرول کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے رہی سہی کسرپوری کردی جس کے باعث عوامی مشکلات ا ورپریشانیوں میں اضافہ ہوا مگر صوبائی حکومت کو عوام کے حال پر ترس نہیں آتا اور اقتدارکے مزے لوٹنے میں مصروف حکمرانوں کو عوام کی حالت زارپر توجہ دینے کیلئے فرصت تک نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت کو اب بھی عوام کے حال پر ترس نہیں آیا تو وہ جلد سڑکوں کا رخ کرنے پر مجبورہوجائیں گے۔