سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے انتظامات شروع ہو گئے
لاہور (ویب ڈیسک) : شریف خاندان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے کے انتظامات شروع کر دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شریف خاندان عدالت سے ریلیف کا منتظر ہے اور فیصلہ حق میں آنے پر سابق وزیراعظم کو فوری طور پر بیرون ملک روانہ کیا جائے گا۔ ذرائع شریف خاندان کے مطابق شریف خاندان کی جانب سے قطر میں موجود ایئرایمبولینس انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شریف میڈیکل بورڈ بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہا ہے۔ ذارئع نے مزید بتایا کہ جیسے ہی قانونی پیچیدگیاں دور ہوں گی، نواز شریف فوری طور پر بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے کے لیے چار ہفتے کی مشروط اجازت دی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اگر بیرون ملک جانا چاہیں تو شورٹی بانڈز جمع کروا کر باہر جا سکتے ہیں لیکن شریف خاندان نے حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی اس شرط کو مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست شہباز شریف کی جانب سے دائر کی گئی تھی ۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ جس پر عدالت نے گذشتہ حکومت سے تحریری جواب طلب کیا تھا، تاہم آج شہباز شریف کی درخواست پر دوبارہ سماعت ہو گی جس پر شریف خاندان سمیت سب کی نظریں جمی ہوئی ہیں ، عدالت سے ریلیف ملتے ہی نواز شریف بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔