“تم لوگ اسلام کیلئے نہیں، اسلام آباد کیلئے نکلے ہو” چکدرہ میں روڈ بندش پر شہری کی جے یو آئی کارکنان سے تکرار
چکدرہ (نیوز ڈیسک) چکدرہ کے مقام پر ملاکنڈ ڈویژن کو ملک سے ملانے والی قومی شاہراہ بند کرنے پر ایک شہری نے جے یو آئی (ف) کے کارکنان کو کھری کھری سنادی۔ شہری کی جے یو آئی کارکنان کے ساتھ تکرار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ “فیس بک” پر اب تک اس ویڈیو کو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں جبکہ ویڈیو کی شیئرنگ ہزاروں میں ہے۔
ویڈیو میں ایک شہری جے یو آئی کارکنان کو کھری کھری سناتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ تم لوگوں نے سڑکیں بند کرکے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے، تم لوگ اسلام کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد کیلئے نکلے ہو، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے تم لوگ عوام کو تکلیف دے رہے ہو۔ ایک موقع پر جے یو آئی کا کارکن کہتا ہے کہ آپ کا حق ہے آپ تھانے چلے جاؤ عدالت چلے جاؤ، جس کے جواب میں شہری کہتا ہے کہ آپ لوگ کیوں نہیں جاتے؟ روڈ کیوں بند کیا ہے آپ عدالت جاؤ۔
شدید غصے میں شہری نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں بھی برا بھلا کہتے ہوئے کہا کہ اگر ایسے “ملا” جنت جائیں گے تو میں “دوزخ” جانا پسند کرونگا۔ اپنے مقاصد کیلئے لوگوں کو تکلیف میں ڈالنے والوں کے ساتھ جنت جانا بھی قبول نہیں۔