حکومت کی جانب سے آٹے کا بحران سال نو کا بہترین تحفہ ہے، امیر مقام
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ آٹا بحران تبدیلی سرکار کی طرف سے عوام کیلئے سال نو کا تحفہ ہے، 2020 کو ترقی اور خوشحالی کا سال قرار دینے والوں نے سال نو کا آغاز غریبوں کو رُلانے سے کر دیا ہے۔حکمرانوں پر انتقام کا بھوت سوار ہے سیاست میں انتقام کو متعارف کرانے والوں نے سیاسی مخالفین کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج غریب لوگ ایک کلو آٹے کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہیں جبکہ وزراء لوگوں کو کھانا کم کھانے اور چند مہینوں تک آدھے پیٹ گزارہ کرنے کے مشورے دیکر ان کے زخمیوں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے تو پنجاب سے آٹا بند ہونے کی صورت میں پنجاب پر بجلی بند کرانے کا اعلان بھی کیا تھا اور ان کا واضح موقف تھا کہ اگر ہمارے دور حکومت میں پنجاب سے آٹا بند ہو گیا تو ہم ان پر بجلی بند کر دیں گے اور بجلی زما مرضی زما کا نعرہ بھی متعارف کرایا تھا۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت ایک کام خوب جانتی ہے وہ مخالف سیاسی لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنانا جس پر وہ سختی سے عمل پیرا ہے، 2020 کو ترقی اور خوشحالی کا سال قرار دینے والوں نے سال نو کا آغاز عوام سے ان کے منہ کا نوالہ چھیننے سے کر دیا ہے۔