جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام)جماعت اسلامی سوات کے زیر اہتمام نشاط چوک مینگورہ میں ہوشربا مہنگائی،آٹے بحران اور بجلی گیس بلوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سوات محمد امین نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو دھو کہ دیا ہے،عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مہنگائی کے خاتمے،بیرونی قرضوں اور آئی ایم ایف کی غلامی سے عوام کو یقینی نجا ت دلائیں گے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد آج وہ عوام سے اپنے کئے ہوئے تمام وعدوں سے مُکر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء اپنی ناکامیوں اور نااہلی کو چھپانے کیلئے مختلف حیلے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں،ایک وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ لوگ نومبر اور دسمبر میں روٹی زیادہ کھاتے ہیں،شوکت یوسفزئی کل کو یہ کہے گا کہ شانگلہ،کالام میں برف باری زیا دہ ہوئی ہے لوگ گُڑ کے ساتھ برف کھا کر گزارہ کریں۔انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کے نا اہل لوگوں کا مجموعہ ہے جو کہ اقتدار کے مزے لے رہے ہیں اور اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے مصنوعی مہنگائی،ظالمانہ ٹیکس اور اشیاء خور د ونوش کامصنوعی بحران پیدا کرتے ہیں، جس سے غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتاہے۔