سوات،ڈپٹی کمشنر برہم،سیکرٹری اور دیگر سرکاری حکام کے خلاف انکوائری کی ہدایت
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے تحصیل بابوزئی کے علاوہ بنجوٹ میں کھلی کچہری کاانعقاد کیاجس میں ضلع سوات کے تمام محکموں کے افسران کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنربابوزئی عامرعلی شاہ، معززین علاقہ اورلوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر معززین علاقہ نے ڈپٹی کمشنر سوات کو اپنے کئی اجتماعی اور انفرادی مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل علاقے کی تعلیم، صحت،بجلی،سڑک کی تعمیر،سوئی گیس لائن بچھانے،صفائی،صاف پانی کی فراہمی،پولیس چوکی اور جنازگاہ کیلئے زمین کی ہمواری سے متعلق تھے۔
ڈی سی سوات نے علاقے کے باشندوں کے مسائل بغور سنے کچھ مسائل جو ضلعی انتظامیہ کے دائرہ کار میں آتے ہیں، کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ باقی مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنرسوات یونین کونسل بنجوٹ میں ناقص کارکردگی پر برہم ہو گئے۔ ڈی سی سوات نے متعلقہ یونین کونسل سیکرٹری اور دیگر سرکاری حکام کے خلاف انکوائری اور قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔ڈپٹی کمشنرسوات نے واضح کیا کہ کھلی کچہری کابنیادی مقصد سرکاری ملازمین کو عوام کے سامنے جوابدہ بناناہے اور عوام اور سرکاری ملازمین کے درمیان فاصلے مٹا کر عوامی مسائل کواُن کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔