ضلع دیرلوئر میں طالبان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں، عوام تشویش کا شکار
سوات(نیوز ڈیسک) ضلع لوئر دیر کے علاقے میدان میں گذشتہ رات نجی فون کمپنی کا مواصلاتی ٹاور دھماکہ خیز مواد سے اُڑا دیا گیا ،دو دن قبل بازاروں، مساجد اور مدرسوں میں دھمکی آمیز پوسٹرز بھی اویزاں کئے گئے تھے ۔پولیس حکام کے مطابق گزشتہ رات لوئر دیر کے علاقہ میدان میں نجی فون کمپنی کا ٹاور دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا تھا جس کے لئے طاقتور دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ پولیس اسٹیشن لال قلعہ کے مطابق واقعے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
لوئر دیر میں مقامی میڈیا کے مطابق اس واقعے سے دو دن قبل علاقہ میدان کے مساجد،مدرسوں اور بازاروں میں دھمکی آمیز پوسٹرز چسپاں کئے گئے تھے جو کمانڈر حفیظ اللہ عرف کوچوان کی جانب سے جاری کئے گئے، حفیظ اللہ عرف کوچوان خود کو تحریک طالبان پاکستان حلقہ دیر پائیں کا کمانڈر ظاہر کر رہا ہے ۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ قانون اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے جہاد کا اعلان کیا جا چکا ہے ،مقامی لوگوں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ اگر وہ حکومت سے تعاون کریں گے تو ان کے ساتھ سختی کی جائے گی۔ ایک اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگ پوسٹر پھاڑنے سے بھی گریز کریں ۔