آج کی خبریںسوات کی خبریں

سوات میں 8 تا 16 مئی سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی عائد، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) کورونا وبائی صورتحال کے لئے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی سفارشات اور حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سوات بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر کے دنوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لئے 8  تا 16 مئی مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی۔ اشیائے خوردونوش،فرو ٹ سبزی،  ادویات، پیٹرول پمپس، گوشت، چکن، بیکری،  ای کامرس- ہوم ڈیلیوری، موبائل فرنچائزز، بجلی، گیس، انٹرنیٹ،کال سینٹرز اورمیڈیا دفاتر، کریانہ، بیکری اور مٹھائی کی دکانیں کھلی رکھی جاسکیں گی۔

 حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چاند رات میں مہندی، چوڑیاں، کپڑے اور دیگر سٹالز کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ 8 تا 16 مئی تمام سیاحتی مقامات میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ لاک ڈاون کے باعث ہوٹل سرائے اور ریسٹ ہاوسز، پبلک پارکس بھی بند رہیں گے۔

 سیاحتی مقامات کو جانے والے راستے بند رہیں گے۔ پبلک آمدورفت پر بھی پابندی عائد رہے گی جس کی رو سے بین الاضلاعی، انٹر سٹی اور لوکل پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈے بھی 8 تا 16 مئی بند ہوں گے جبکہ پرائیویٹ گاڑیوں، ٹیکسی، رکشا میں 50 فیصد گنجائش اور گڈز ٹرانسپورٹ کو آمدو رفت کی اجازت ہوگی۔دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سیکشن 188 پی پی سی کے تحت سخت کاروائی کی تنبیہ کی گئی ہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button