جماعت اسلامی نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا، بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دی گئی، حمید الحق
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ) جماعت اسلامی سوات نے وفاقی بجٹ کو الفاظ کا ہیر پھیر قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا،بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دی گئی،حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا ایک اور سونامی آئے گا،تعلیم کیلئے محض 9 ارب روپے مختص کرکے ثابت ہوگیا کہ تبدیلی سرکار تعلیم کے فرو غ میں کتنی سنجیدہ ہے،ان خیالات کا اظہا ر جماعت اسلامی سوات کے امیر حمید الحق نے حالیہ بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیاہے اور اس بجٹ سے مہنگائی کا ایک اور سونامی جنم لے گاجس سے غریب طبقہ مزید پستی اور مشکلات کا شکار ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایما پر تیار کردہ یہ بجٹ غیر حقیقی اہداف پر مشتمل ہے۔جس میں میں قوم کو اندھیرے میں رکھ کر محض لالی پاپ دیا گیا ہے،حمیدالحق نے کہاکہ آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے بننے والے اس بجٹ سے عوام کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں اور لگتا یوں ہے کہ پاکستان مزید قرضوں تلے دب جائے گا،انہوں نے کہاکہ تعلیم کے فروغ کے دعویداروں نے تعلیم کے لئے محض نو ارب روپے مختص کئے ہیں جو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ زرعی ملک ہونے کے باوجود بھی زراعت کے شعبہ کے لئے بجٹ میں سوائے لفاظی کے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی سرکار نے ملک کے تمام اداروں کو مفلوج کردیا ہے اور اب اس حکومت سے خیرجی کوئی توقع نہیں ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دورانیے کا یہ چوتھابجٹ ہے۔
جس میں مہنگائی کے مارے غریب عوام کے لئے کوئی امید ہی کرن نہیں بلکہ مایوسی ہی مایوسی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ظالمانہ بجٹ کے خلاف ہر محاذ پر لڑیگی اور عوام کا مقدمہ عوام کی عدالت میں لڑکر حکومت کو بے نقاب کریگی۔