بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی،ڈاکٹر امجد علی
سوات (زما سوات ڈاٹ کام )وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا ہے کہ مختلف ملک دشمن عناصر پروپیگنڈوں کی صورت میں ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں، نوجوانوں کو ان پروپیگنڈوں کا راستہ روکنا ہوگا، افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی تحفظ کے لئے جانیں قربان کررہے ہیں اور ایسے میں ان کے خلاف کیا جانے والا کسی بھی قسم کا پروپیگینڈا نا قابلِ برداشت ہے، ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے مخالفین کو جواب دے رہے ہیں، سوات کے پسماندہ علاقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کرچکے ہیں، بریکوٹ جیسے پسماندہ علاقے میں میگا منصوبوں پر کام ہورہا ہے، منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ٹیمپریچر کے باوجود سکردو کے عوام نے وزیرِ اعظم عمران خان کا جو والہانہ استقبال کیا وہ اس بات کا مظہر ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں پاکستانی عوام وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں اور ملک اگر مشکل دور سے گزر رہا ہے تو وزیراعظم عمران خان ہی ان بحرانوں سے ملک کو نکالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریکوٹ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم چوروں کا ٹولہ ہے، یہ سب مہنگائی کا رونا روتے ہیں، ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، سات پارٹیاں ملک کر بھی 60 لوگ اکٹھا نہیں کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں سے مخالفین کو جواب دے رہے ہیں اور صرف پی کے چھ میں آٹھ بلین لاگت کے منصوبے مکمل کرچکے ہیں، بریکوٹ ہسپتال کی تعمیر نو پر 27 کروڑ روپے لگا رہے ہیں اور تکمیل کے بعد کیٹگری ڈی میں تبدیل کریں گے، اسی طرح علاقے میں سڑکوں کی تعمیر پر دو ارب 30 کروڑ روپے خرچ کرچکے ہیں، بنیادی ضروریات زندگی سے متعلق پانی، تعلیم، صحت، بجلی، گیس، محلوں کی پختگی پر ریکارڈ فنڈ کرچکے ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 90 فیصد گھروں کو واٹر سپلائی اور 96 فیصد گلی محلوں کو پختہ کرچکے ہیں، گریڈ سٹیشن تعمیر کرکے، نئے فیڈر لگا کر بجلی کی سپلائی کا مسلۂ حل کرلیا گیا ہے۔ آج چھوٹے بڑے ہر ہسپتال میں ڈاکٹر موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بریکوٹ جیسے پسماندہ علاقے میں یونیورسٹی کیمپس بن رہے ہیں جس پر 3.5 ارب روپے خرچ کررہے ہیں، اسی طرح شموزئی میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں کی نسبت تین سالوں میں تین یونیورسٹیاں اور چار کیمپسس تعمیر کرچکے ہیں۔ وزیرِ ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ 70 سالوں میں وہ کام نہیں ہوا جو پچھلے آٹھ سالوں میں ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام مشکلات اور مہنگائی کے باوجود ڈٹ کر وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پرفارمینس کی وجہ سے سے ہی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی