شانگلہ: چکیسر میں دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، دو اہلکار شہید، تین زخمی
شانگلہ: تحصیل چکیسر کے علاقے گنانگر میں واقع پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے گنانگر پولیس چوکی پر ہینڈ گرنیڈ پھینکے اور شدید فائرنگ کی۔ اس حملے کے دوران چوکی انچارج محمد حسن اور کانسٹیبل نثار احمد مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔
دہشت گردوں کے حملے میں ارشد اقبال (محرر چوکی) سمیت کانسٹیبل ارشد خان اور رفعت زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال بٹگرام منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش تیز کر دی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مقامی افراد بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
نوٹ: یہ فقط ابتدائی رپورٹ ہے واقع کی متعلق شواہد اکٹھے کئے جارہے ہے۔