شانگلہ: لیلونی چوکی میں پولیس اور علاقہ مشران کا امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس، تعاون بڑھانے پر اتفاق۔
شانگلہ (زما سوات): ڈی پی او شانگلہ عمران خان کی ہدایات پر انچارج چوکی لیلونی نے موجودہ حالات کے پیش نظر علاقہ معززین اور مشران کے ساتھ خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں علاقہ معززین، منتخب نمائندوں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران علاقہ معززین نے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے وہ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ معززین نے بتایا کہ انہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں خفیہ طور پر نگرانی کے لیے افراد مقرر کیے ہیں، جو کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر اطلاع فراہم کریں گے۔
اس مقصد کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے، جس میں تمام معززین کے موبائل نمبر شامل کیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت رابطہ کیا جا سکے اور پولیس و عوام مل کر مشترکہ کارروائی کریں۔
اجلاس میں تمام شرکاء نے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ معززین نے کہا کہ پولیس اور عوام کا دشمن ایک ہے اور مل کر اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر حکومت پاکستان، خیبرپختونخوا پولیس اور شانگلہ پولیس کی کامیابی اور امن و امان کی بحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔