یونیورسٹی آف سوات: طالبات کو ہراساں کرنے والے طالبعلم کے خلاف کارروائی، یونیورسٹی سے نکال دیا گیا
یونیورسٹی آف سوات میں طالبات کو ہراساں کرنے والے طالبعلم کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے یونیورسٹی سے نکال دیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی آف سوات علاقے کے طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے والا واحد ادارہ ہے، اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی طالبعلم یا بیرونی عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ معاملے پر فوری کارروائی کی گئی، اور یونیورسٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے دیگر عناصر کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھا گیا ہے۔
وائس چانسلر نے ضلعی انتظامیہ، خصوصاً پولیس ڈپارٹمنٹ، سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حرکات کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علاقے کے مشران اور عوامی نمائندگان سے بھی درخواست کی کہ وہ بچوں کی تربیت پر توجہ دیں اور شعور بیدار کرنے کے لیے مہمات چلائیں تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔
یونیورسٹی آف سوات نے عوام اور والدین سے ادارے کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی نسلوں کی بہتر تربیت میں کردار ادا کریں اور تعلیمی ماحول کو محفوظ رکھنے میں معاونت کریں۔