سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال میں صحت سہولیات بہتر بنانے کیلئے اہم اجلاس
سوات: صوبائی وزیر لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان کی زیر صدارت سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال میں صحت سہولیات اور انتظامی امور کی بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم این اے سلیم الرحمان، ایم پی ایز سہیل سلطان ایڈوکیٹ اور اختر خان ایڈوکیٹ، سٹی میئر شاہد علی خان، چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر نعیم اللہ خان سمیت دیگر افسران شریک تھے۔
اجلاس میں سیدو ہسپتال میں عوام کو درپیش صحت مسائل کے حل اور سہولیات کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ عوام کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت پرعزم ہے اور ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
وزیر موصوف نے چیف ایگزیکٹو اور ایم ایس کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہسپتال کی بہتری کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے اور عوامی مفاد کے لیے حکومت ہر وقت حاضر رہے گی۔