سوات: کانسٹیبل صلاح الدین کی نماز جنازہ جاوید اقبال شہید پولیس لائنز میں ادا
سوات کے جاوید اقبال شہید پولیس لائنز میں کانسٹیبل صلاح الدین خان کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ کانسٹیبل صلاح الدین گزشتہ شب مجرم اشتہاری کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہفتہ کے روز شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔
نماز جنازہ میں آر پی او ملاکنڈ شیر اکبر خان، ڈی پی او سوات ناصر محمود، ایڈیشنل ایس پی لوئر سوات غلام صادق، ایس پی اپر سوات شوکت علی، ایس پی ہیڈکوارٹر عطاء اللہ شمس، ایس پی سی ٹی ڈی اور دیگر پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر آر پی او ملاکنڈ اور ڈی پی او سوات نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کی جسد خاکی کو ان کے آبائی گاؤں چیکوالئی خوازہ خیلہ روانہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ کانسٹیبل صلاح الدین خان کو شہید کرنے والا مجرم اشتہاری عبد اللہ پولیس مقابلے میں گزشتہ روز مارا گیا تھا۔