آج کی خبریںسوات کی خبریں

سوات میں جدید سفری سہولتوں کا آغاز: خیبر پختونخوا حکومت کا بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا فیصلہ

سوات: خیبر پختونخوا حکومت نے سوات سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی ہدایت پر اس منصوبے پر جلد عمل درآمد ہوگا، جس سے سوات کے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید، باسہولت اور کم لاگت سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔

حکام کے مطابق، اس سروس کے ذریعے نہ صرف عوام کو آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ مینگورہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ بی آر ٹی بسوں کی بدولت سڑکوں پر گاڑیوں کا دباؤ کم ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

یاد رہے کہ پشاور میں بی آر ٹی کی کامیابی کے بعد صوبائی حکومت نے اس جدید سفری نظام کو دیگر شہروں میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوات جیسے سیاحتی مقام پر اس سروس کے آغاز سے نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ سیاحوں کو بھی بڑی سہولت ملے گی، جو اکثر ٹرانسپورٹ کے مسائل سے دوچار رہتے ہیں۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کی فلاح اور سہولت ان کی اولین ترجیح ہے اور بی آر ٹی جیسے منصوبے اس مشن کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے سوات کے شہریوں کو ایک محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری نظام فراہم کیا جائے گا۔

Related Articles

Loading...
Back to top button