سوات میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد

سوات: ضلع سوات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں گلی کوچوں کی پختگی، دور دراز علاقوں تک سڑکوں کی تعمیر، سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، مساجد کی سولرائزیشن، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری جیسے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا، جن کا مقصد عوامی سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ)، سینئر پلاننگ آفیسر، سب ڈویژنل آفیسر سی اینڈ ڈبلیو، تحصیل میونسپل آفیسرز، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ سوات میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکے۔