آج کی خبریںسوات کی خبریں

سوات: ایزی پیسہ کے ذریعے عوام کو لوٹنے والا بین الاضلاعی نوسرباز جوڑا گرفتار، مقدمہ درج

سوات (نمائندہ زما سوات) خوازہ خیلہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایزی پیسہ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے بین الاضلاعی نوسرباز جوڑے کو گرفتار کر لیا۔ تین روز قبل خوازہ خیلہ کے رہائشی نجیب اللہ ولد بخت زادہ نے رپورٹ درج کروائی تھی کہ ایک لڑکا اور لڑکی پر مشتمل جوڑا موٹر کار میں پٹرول ڈلوا کر ایزی پیسہ سے رقم ادا کرتا ہے اور کچھ دیر بعد وہ رقم ریورس کر لیتا ہے۔

ڈی پی او سوات ناصر محمود کی خصوصی ہدایت پر ایس پی اپر سوات شوکت علی اور ایس ڈی پی او سرکل خوازہ خیلہ جمعہ رحمان کی نگرانی میں، ایس ایچ او زاہد شاہ اور ان کی ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار شدہ ملزمان کی شناخت حذیفہ شفقت ولد محمد شفقت ساکن گنج گرین ایبٹ آباد اور رمشاء دختر ایاز محمد خان ساکن ڈھوڈیال مانسہرہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ نوسرباز جوڑا نہ صرف پٹرول پمپس بلکہ میگا مارٹس اور دیگر تجارتی مراکز کو بھی اپنا نشانہ بنا چکا ہے۔

ملزمان کے خلاف تھانہ خوازہ خیلہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی اور شہری کو بھی اسی نوعیت کا دھوکہ دیا گیا ہے تو فوری طور پر متعلقہ تھانے سے رجوع کریں۔

Related Articles

Loading...
Back to top button