کالام میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری

سوات: تحصیل بحرین کے سیاحتی مقام کالام میں دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائی جاری ہے۔ اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (یو ایس ڈی اے) کے ترجمان سعید الرحمان کے مطابق آپریشن ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے، جس کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی کر رہے ہیں۔
آپریشن کے دوران اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، محکمہ ایریگیشن، ریونیو فیلڈ اسٹاف اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بحرین کی ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے دریائے سوات کے کنارے تعمیر کی گئی غیر قانونی عمارتیں اور ڈھانچے مسمار کر رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران بعض مقامات پر غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کی جانب سے مزاحمت کی کوشش بھی کی گئی، تاہم انتظامیہ نے کارروائی جاری رکھی۔ ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن تمام قانونی تقاضوں کے مطابق جاری ہے اور کسی بھی دباؤ کے بغیر مکمل کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے گریز کریں۔



