آج کی خبریںسوات کی خبریں

سوات: چوری کیس میں پیش رفت، 27 لاکھ 19 ہزار روپے، اسلحہ اور کارتوس برآمد، پانچ ملزمان گرفتار

سوات کے تھانہ مینگورہ پولیس نے چوری کے ایک بڑے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے 27 لاکھ 19 ہزار روپے نقدی، دو پستول اور 28 کارتوس برآمد کر کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اس حوالے سے ایس پی انوسٹی گیشن سوات مشتاق خان نے ایس ڈی پی او سٹی اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ تھانہ مینگورہ میں میڈیا کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 4 دسمبر 2025 کو رشید اقبال ولد گل اختیار ساکن ملوک آباد نے رپورٹ درج کرائی کہ ان کے والدین عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے تھے اور اس دوران نامعلوم ملزمان نے ان کے کمرے سے ایک کروڑ روپے نقدی اور آدھا تولہ سونا چوری کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد واقعے کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی چور گینگ تک رسائی حاصل کی۔ گرفتار ملزمان میں سید اقبال ولد علی محمد، شان زادہ ولد رحمانی گل (ساکنان شانگلہ)، فضل رحمان ولد نظر محمد، عمر رحمان ولد نظر محمد (ساکنان قمبر) اور مسماۃ (ث) زوجہ سید اقبال شامل ہیں۔

ایس پی انوسٹی گیشن کے مطابق گرفتار ملزمان سے اب تک 27 لاکھ 19 ہزار روپے نقدی، دو پستول بمعہ 28 کارتوس اور واردات میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا جا چکا ہے، جبکہ ایک ملزم عرفان اللہ ولد سادہ گل ساکن الپورئی شانگلہ تاحال مفرور ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار گینگ کے خلاف سوات سمیت دیگر اضلاع اور صوبہ پنجاب میں بھی چوری کے مقدمات درج ہیں، جن کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button