وادی کیلاش میں چلم جوشی تہوار شروع، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد میں شرکت

چترال: وادی کیلاش میں روایتی چلم جوشی تہوار کا آغاز ہو گیا ہے، جو 13 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گا۔ محکمہ سیاحت کے مطابق تہوار کی تقریبات چترال لوئر کی مختلف وادیوں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق تہوار کے پہلے روز وادی رمبور میں “چریک پیپی” کی رسم ادا کی گئی، جسے دودھ پینے اور تقسیم کرنے کا دن کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر لڑکے اور لڑکیاں بکریوں کے اصطبلوں کو جنگلی پھولوں اور اخروٹ کے پتوں سے سجاتے ہیں جبکہ دودھ، دہی، پنیر اور اخروٹ والی روٹی تقسیم کرنے کی روایات بھی نبھائی جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کے دوران خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی ٹورازم پولیس لواری ٹنل سے وادی کیلاش تک مختلف مقامات پر تعینات ہے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ٹورازم اتھارٹی شاہد خان کی ہدایات پر اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
تہوار کے دوران روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص اور ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کیلاش کی تینوں وادیوں میں منعقد ہونے والی اس ثقافتی تقریب میں ملکی و غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ تہوار کی اختتامی تقریب وادی بمبوریت میں منعقد ہوگی۔



