عیدالاضحیٰ پر خیبرپختونخوا میں سوات سیاحوں کی پہلی پسند قرار، 3 لاکھ 33 ہزار سے زائد سیاح وادی پہنچ گئے

سوات: عیدالاضحیٰ کی چار روزہ تعطیلات کے دوران وادی سوات خیبرپختونخوا میں سیاحوں کی سب سے پسندیدہ منزل بن کر سامنے آئی، جہاں 3 لاکھ 33 ہزار 939 سیاحوں نے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوران 11 لاکھ 64 ہزار سے زائد سیاح مختلف سیاحتی مقامات پر پہنچے، جن میں سوات سرفہرست رہا۔ وادی ناران میں ایک لاکھ 72 ہزار 289 جبکہ گلیات میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد سیاحوں نے سیاحت کی۔
سوات کے کالام، مالم جبہ، بحرین، مدین، مہوڈنڈ، گبین جبہ اور دیگر سیاحتی مقامات پر عید کی چھٹیوں کے دوران غیرمعمولی رش دیکھنے میں آیا۔ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر سیاحتی مراکز پر بھی سیاحوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شاہد خان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران 166 غیرملکی سیاحوں نے بھی صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سوات بدستور خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا اور مقبول سیاحتی مرکز بنا ہوا ہے، جہاں ہر سال لاکھوں ملکی و غیرملکی سیاح قدرتی حسن، خوشگوار موسم اور تفریحی مقامات سے لطف اندوز ہونے پہنچتے ہیں۔



