مینگورہ جنرل بس اسٹینڈ کی مجوزہ نیلامی مسترد، سہولیات کی فراہمی تک آکشن نہ کرنے کا مطالبہ،

سوات: مینگورہ جنرل بس اسٹینڈ کے ٹرانسپورٹروں نے ٹی ایم اے بابوزئی کی جانب سے مجوزہ نیلامی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بس اسٹینڈ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مستقل انتظامات تک آکشن کا عمل مؤخر کیا جائے۔
اس حوالے سے جنرل بس اسٹینڈ بائی پاس مینگورہ میں ٹرانسپورٹروں کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف ٹرانسپورٹ تنظیموں کے عہدیداروں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے متحدہ ٹرانسپورٹ فیڈریشن ملاکنڈ ڈویژن کے صدر خائستہ باچا، چیئرمین میاں محمد اقبال، افضل خان گجر، نصری خان سکول دا اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ موجودہ جنرل بس اسٹینڈ میں مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ ان کے مطابق پینے کے صاف پانی، انتظار گاہ، سایہ دار مقامات اور مناسب بیٹھنے کی سہولت کا فقدان ہے جبکہ گرد و غبار کے باعث مسافروں اور ڈرائیوروں کو صحت کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹرانسپورٹ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار متعلقہ حکام کو تحریری طور پر مسائل سے آگاہ کر چکے ہیں، تاہم ابھی تک خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ ان کا مؤقف تھا کہ بس اسٹینڈ سے حاصل ہونے والی آمدن کے باوجود بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی تشویش کا باعث ہے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ پہلے جنرل بس اسٹینڈ کے لیے مناسب جگہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اس کے بعد ہی نیلامی یا ٹھیکہ داری کے عمل پر غور کیا جائے۔
ٹرانسپورٹروں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی اور نیلامی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔



