خوازہ خیلہ پولیس کی کارروائی، خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے بین الضلاعی ملزمان گرفتار، جعلی کرنسی برآمد

سوات: تھانہ خوازہ خیلہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے دو بین الضلاعی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 85 ہزار روپے مالیت کی جعلی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات کی روشنی میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ خوازہ خیلہ محمد ایاز خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کی، جس کے دوران ملزمان حامد خان ولد فضل غنی اور انعام اللہ ولد محمد سبحان، ساکنان بنوں، کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق گرفتار ملزم حامد خان اس سے قبل بھی خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور پنجاب میں متعدد مقدمات میں ملوث رہ چکا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔



