جرائم کی بیخ کنی کے لئے سوات پولیس پرعزم ہیں،ڈی پی او
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:05دسمبر2017ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسوات کیپٹن واحد محمود نے کہاہے کہ سوات پولیس کے حوصلے بلنداورجذبے جوان ہیں، جرائم کی بیخ کنی کیلئے سوات پولیس پرعزم ہیں ، ٹریفک کانظام بہتربنانے پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے ، جذبہ خدمت خلق اورعوام دوست پالیسی سوات پولیس کاطرہ امتیاز ہے، ان خیالات کااظہارانہوں نے سوات پریس کلب میں ’’پروگرام میٹ دی پریس ‘‘میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزادعالم، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر غفورخان عادل اوردیگرصحافی برادری بھی موجود تھے، ڈی پی او نے واضح کیا کہ پولیس اور صحافیوں کاچولی دامن کاساتھ ہے معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں صحافیوں کی کردار کونظراندازنہیں کیاجاسکتا۔ خوف خدادل میں رکھ کر ہم اپنے مقاصد میں سرخروہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سوات پولیس کامورال بلندہے اورپولیس سوات کوجرائم سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے ، عوام کے تعاؤن سے جرائم کی بیخ کنی کردیں گے ، انہوں نے کہا کہ پولیس اورعوام میں فاصلے ختم ہوچکے ہیں اب عوام اورصحافی ہمیں اپنے مفیدمشوروں سے آگاہ کریں ، تاکہ ان کے مشوروں کومدنظر رکھتے ہوئے ایک اصلاحی معاشرہ تشکیل دیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کانظام درست کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھارہے ہیں اورہم نے مہذب شہر منظم ٹریفک مہم چلانے کاآغاز کیاہے جرمانوں کے بجائے ٹریفک نظام بہتری پر توجہ دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے سوات پریس کلب کے صحافیوں کاشکریہ اداکیا۔