شانگلہ: تھانہ الوچ میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور عمائدین کا مشترکہ اجلاس، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت

شانگلہ: ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او پورن کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او تھانہ الوچ داور خان نے تھانہ الوچ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں تھانہ الوچ کی حدود کے علاقوں ڈھیری، گیدڑے، سرگے درڑ، سنگوڑ بنجوں، راگیشوم اور گردونواح کے معززین، عمائدین، امن کمیٹی کے اراکین اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران شرکاء کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی مشکوک شخص، غیر متعلقہ گاڑی یا غیر معمولی سرگرمی پر کڑی نظر رکھیں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی فوری اطلاع مقامی پولیس کو دیں۔

ایس ایچ او داور خان نے عوام سے مؤثر رابطے اور بروقت رسپانس کے لیے اپنا ذاتی موبائل نمبر اور تھانہ الوچ کا سرکاری رابطہ نمبر بھی معززین کو فراہم کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کرے گی۔

اجلاس کے اختتام پر علاقہ عمائدین نے شانگلہ پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Show More
Back to top button