سوات میں 14 اگست کی تقریبات کی تیاریاں، پرچم کشائی، شجرکاری اور کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے

سوات: ضلع سوات میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں، جن میں پرچم کشائی، میگا شجرکاری مہم، کھیلوں کی سرگرمیاں اور سکولوں، کالجوں و جامعات میں خصوصی تقریبات شامل ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات اور پروگرامز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والی تقریبات اور تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 14 اگست کے موقع پر ضلع سوات کے مختلف علاقوں میں پرچم کشائی کی تقریبات کے علاوہ میگا شجرکاری مہم اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی پروگرامز منعقد ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے ہدایت کی کہ تمام تقریبات کو منظم، باوقار اور قومی جذبے کے عین مطابق منعقد کیا جائے اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات محض رسمی سرگرمیوں تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ ان کے ذریعے نوجوانوں، طلبہ اور عام شہریوں میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ملک کی ترقی کے لیے مثبت جذبے کو فروغ دیا جائے۔

Show More
Back to top button