مٹہ بازار میں غیر مقامی گداگر خواتین کے خلاف پولیس کارروائی، 6 گرفتار

برسوات: تحصیل مٹہ بازار میں دکانداروں کی شکایات پر پولیس نے غیر مقامی گداگر اور بھیک مانگنے والی خواتین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 خواتین کو گرفتار کرلیا۔
ایڈیشنل ایس ایچ او مٹہ سید رحمان کے مطابق مقامی دکانداروں کی شکایات پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران 6 غیر مقامی خواتین کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین میں 5 کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان جبکہ ایک خاتون کا تعلق سندھ سے ہے۔
ایڈیشنل ایس ایچ او مٹہ نے بتایا کہ گزشتہ روز نل بیدرہ میں بھی اہلِ محلہ کی شکایت پر اسی نوعیت کی غیر مقامی خواتین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں علاقہ بدر کیا گیا تھا، جبکہ مٹہ شاہی ڈھنڈ کے علاقے سے بھی غیر مقامی خواتین کو نکال دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار خواتین کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ مٹہ میں غیر مقامی گداگروں اور بھیک مانگنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔



