ملاکنڈ: بارش کے پانی میں بہہ جانے والے ٹرک ڈرائیور کی لاش برآمد

ملاکنڈ: بٹخیلہ بائی پاس کے قریب میزارہ ندی میں بارش کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے والے ٹرک ڈرائیور کی جسدِ خاکی برآمد کرلی گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ رات بٹخیلہ بائی پاس اکسفورڈ سکول کے قریب میزارہ ندی میں شدید طغیانی کے باعث پانی کا بہاؤ انتہائی خطرناک ہوگیا تھا، جس کے دوران ایک ٹرک ڈرائیور پانی میں بہہ کر لاپتہ ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو اور غوطہ خور ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا۔ مسلسل کارروائی کے دوران نوے کلے شولگر کے مقام سے ٹرک ڈرائیور کی لاش برآمد کرلی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت خائستہ میر، عمر تقریباً 32 سال، سکنہ پشاور کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ساتھ سوشل ورکر نظام الدین کی ٹیم نے بھی سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔



