سیدو شریف ہسپتال سے نومولود بچی اغواء کرنے والی ملزمہ گرفتار

سوات: تھانہ سیدو شریف پولیس نے سنٹرل ہسپتال کے گائنی وارڈ سے نومولود بچی کو اغواء کرنے والی ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز سنٹرل ہسپتال کے گائنی وارڈ سے ایک نومولود بچی کے اغواء ہونے کی اطلاع ملی تھی، جس پر ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے فوری نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ سیدو شریف ضیاء الرحمن نے پولیس اور ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ کارروائی شروع کی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید وسائل کی مدد سے نومولود بچی کو اغواء کرنے والی ملزمہ (ر) سکنہ دیر اپر حال کوزہ بانڈئی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے وومن پولیس تھانہ رحیم آباد منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمہ نے ہسپتال سے نومولود بچی کو ٹیکہ لگوانے کے بہانے دھوکہ دہی سے لے کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔



