ایم پی اے فضل حکیم 12 جولائی کو سوات جیل کا سنگ بنیاد رکھیں گے
سوات (زماسوات ڈاٹ کام ۔07جولائی 2017ء )چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان بدھ 12جولائی کو سوات جیل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے،71کروڑ روپے سے زائد تخمینہ لاگت سے شروع ہونے والامنصوبہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔ فیصلے کا اعلان ایم پی اے فضل حکیم نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا۔اجلاس میں محکمہ سی ایند ڈبلیوکے علاوہ متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی،فضل حکیم خان نے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ جیل کی عمارت ایسی تعمیر ہونی چاہئے جس میں پختون روایات کی پاسداری کرتے ہوئے رہائشی آبادی کی پرائیویسی متاثر نہ ہو، انہوں نے تاکیدکی کہ تعمیرکے دوران اہل محلہ کی آمد ورفت کیلئے گلیوں کو بند اور تنگ نہ کیا جائے جبکہ تعمیراتی کام میں اعلیٰ میٹریل استعمال کرنے کا خصوصی خیال رکھا جائے، انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی اس سلسلے میں غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تعمیراتی کام جلد ازجلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ لوگوں کو اس حوالے سے درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔