عوام کی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے،فضل حکیم
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:24فروری2018)چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ سوات کی عوام نے ہمیں اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ، سیکورٹی چیک پوسٹوں پر فوجی حکام سے ون پوائنٹ ایجنڈا کہ عوام کو سہولت فراہم کی جائے پر گفتگو کا نیتجہ ہے کہ سوات قومی جرگہ کے زیر اہتمام آج ہونے والا احتجاج ملتوی ہوا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے سینئر رہنما انجینئر عمر فاروق اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سوا ت پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم اور نومنتخب کابینہ کو مبارک باد دینے کے موقع پر کیا ، مزید کہا کہ سوات کے صحافی سوات کی تعمیر و ترقی کیلئے ہمیشہ بہتر کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے جی او سی سوات سے ملاقات میں عوامی مفاد کی خاطر ایک ہی مطالبہ کیا ہے کہ سوات کے غیور عوام کو چیک پوسٹوں پر ذلیل ہونے سے بچاکر انہیں سہولیات فراہم کی جائیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں اور خدمت میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ۔