سوات میں امن برقرار رکھنا مشترکہ ذمہ داری ہے،میجروقار احمد
سوات(زما سوات ڈاٹ کام:30مارچ2018)سوات میں تعینات ہونے والے پاک فوج کے نئے ترجمان میجر وقار احمد نے کہا ہے کہ سوات کے صحافیوں نے یہاں قیام امن کے لئے جو کوششیں کی ہیں پوری دنیا میں اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے ،سوات میں امن برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لئے پاک فوج کے جوان اور صحافی مل کر کردار ادا کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبکدوش ہونے والے پی آراو کیپٹن رضا کے ہمراہ سوات پریس کلب کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، پریس کلب پہنچنے پر سوات پریس کلب کے چیئر مین شہزاد عالم نے انہیں خوش آمدید کہا ، اس موقع پر کیپٹن رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی صحافیوں کی تعاؤن پر ان کا مشکور ہوں ،نوتعینات پی آر او میجر وقار احمد نے کہا کہ پاک فوج کے جوان وردی میں اور صحافی بغیر وردی کے اس ملک وقوم کی بہتری کے لئے کوشش کررہے ہیں، سوات میں پاک فوج کی ترجمان کی حیثیت سے میری کوشش ہوگی کہ صحافیوں کے ساتھ ہرممکنہ طورپر بہتر رابطہ قائم رہے ، پریس کلب چیئر مین شہزاد عالم اور یونین آف جرنلسٹس کے صدر فضل رحیم خان نے انہیں سوات پریس کلب کے صحافیوں کی جانب سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ علاقے کی بہتری کے حوالے سے بھر پور تعاؤن کیا جائے گا ، تقریب کے آخر میں معزز مہمانوں کو روایتی چادر اور پکو ل کے تحائف پیش کئے گئے۔