فرقہ پرستی کی آڑ میں لبر ل طبقہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کررہی ہے،فضل الرحمن
سوات(زما سوات ڈاٹ کام:15اپریل2018)جمعیت علماء اسلام کے قائد ومرکزی رہنما فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے کوشاں ہے ۔ملک میں فرقہ پرستی کی آڑ میں لبر ل طبقہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کررہی جس کے خلاف دینی جماعتوں کے علماء پوری طرح متحد ہیں ، عوام ووٹ کے پرچی کی طاقت سے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دے کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنا رکریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے علاقے مٹہ میں ایک بہت بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والے اس طرح کی منافقت کررہے ہیں جس طرح ابتدائے اسلام میں منافقین کرتے تھے۔ 70 سال سے مخصوص طبقہ اپنے مفادات کے ایجنڈے پر عمل پیر ا ہے جو ہمیں تنگ نظر کہہ کر نوجوانوں میں جنسی بے راہ روی عام کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہم ان قوتوں پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم نظریہ پاکستان کے تحت قرآن وسنت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ان کی مذموم ایجنڈنے کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ سوات کی سرزمین نے بڑے تلخ حالات دیکھے ہیں ، یہاں کی لوگوں نے ہردن خون بہتا اور گھر لٹتے دیکھے ہیںیہاں تک کہ گھر بار بھی لٹانا پڑا ، اب پختونوں کے غم میں گھلنے والوں سے سوال ہے کہ جب روس نے پختونوں کے علاقے پر حملہ کیا تو اس وقت ان کا کردار کیا تھا ، سب کو معلوم ہے کہ انہوں نے اس وقت پختونوں کی بربادی پر روس کی اور اب امریکہ کی حمایت کررہے ہیں۔ مخصوص حالات کی تناظر میں فوجی اپریشن کرنا پڑا جس کی ہم نے بھی حمایت کی لیکن افسوس کہ ان کی پالیسیوں اتنی خوش کن نہیں جس پر فخر کیا جاسکے ۔ ہم پر طعنہ زنی کرنے والے اپنے کردار کے بارے میں بتائیں،پاکستان میں فوج نے قیام امن کے لئے بڑا اچھا کردار ادا کیا لیکن اگر جے یو آئی اور عوام حمایت نہ کرتے تو آپ کا کردار کچھ بھی نہیں تھا۔ ہم آئین اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر قرآن وسنت کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوفی محمد کو جو لوگ لائے اور ان کے ساتھ معاہدے کئے ان لوگوں کو ہم پر طعنہ زنی کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے ، مدارس میں پڑھنے والے بچوں اور ان کی اساتذہ پر بڑا دباؤ ہے لیکن سب پر واضح ہو کہ یہی لوگ نظریہ پاکستان اور اس ملک کے حقیقی محافظ ہیں جو لادینی قوتوں کی مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے اپنے حصے کا کام کررے ہیں، جلسہ میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے جے یوآئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسہ سے جے یوآئی کے مرکزی وصوبائی قائدین مولانا عبدالجلیل جان، مولانا گل نصیب خان ، مولانا شجاع الملک ، قاری محمود اور ڈاکٹر امجد نے بھی خطاب کیا ۔