رمضان کا مہینہ سوات میں گزرانے کیلئے کثیر تعداد میں لوگوں نے سوات کا رُخ کرلیا
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 15 مئی 2018ء) رمضان المبارک کا مہینہ سوات میں گزارنے کے لئے گرم علاقوں سے لوگوں کی سوات آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے حسبِ سابق امسال بھی رمضان المبارک کا مہینہ ٹھنڈے علاقوں میں گزارنے کے لئے ملک کے گرم علاقوں کے لوگوں نے سوات کے بالائی علاقوں میں مکانات، فلیٹس اور ہوٹلوں میں ایک ماہ کے لئے کمرے بک کرالئے ہیں۔ اوشو، مٹلتان، کالام، بحرین، مدین، میاندم، ملم جبہ اور سوات کے دیگر پُرفضا مقامات میں ہر سال ماہِ رمضان کے لئے عمارتیں کرایہ پر حاصل کرتے ہیں اور پورا مہینہ ان ٹھنڈے علاقوں میں گزارتے ہیں ۔ اس سال بھی ان علاقوں کے 95 فیصد کرایہ کی عمارتیں لوگوں نے ایڈوانس میں بک کرالیں ہیں۔ منگل کو ملک بھر سے لوگوں کی سوات آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ماہِ رمضان گزارنے کے بعد یہ لوگ عموماً عید سے ایک یا دو دن قبل واپس اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو جاتے ہیں۔