سوات کے صحافی نےجی ٹی روڈ کی عدم تعمیر پراین ایچ اے کیخلاف مقدمہ درج کرلیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام/ویب ڈسک)سوات کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والی اھم شاہراہ جی ٹی روڈ پر تعمیراتی کام کی بندش پر سوات کے مقامی صحافی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔ سوات کے صحافی ریاض احمد نے دفعہ 13 تحفظ صارفین ایکٹ 1997 کے تحت صارف عدالت میں مقدمہ درج کیا ہے، صحافی ریاض احمد نے موقف اختیار کیا ہے کہ نو ماہ قبل این ایچ اے سوات کے جی ٹی روڈ پر کام کاآغاز کیا گیا تھا، جس کو اب باقاعدہ طور پر بند کردیا گیا ہے،جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر اب گھنٹومیں طے کیا جارہا ہے، جبکہ گردوغبار کی وجہ سے سفر کرنے والے افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں، موقف میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ نو ماہ گزرنے کے باوجود اب تک ایک فیصد کام بھی نہیں ہوا ہے، مقدمہ میں صحافی ریاض احمد نے ڈائیریکٹر این ایچ اے ظاہر خان اور ٹھیکدار نثار خٹک کو شامل کیا ہے ، اس موقع پر صحافی ریاض احمد نے کہا کہ ٹھیکیدار نے جگہ جگہ بھاری مشینری کے ذریعے لکیریں کھینچی ہیں اور سڑک پر بھاری مقدار میں مٹی ڈالی ہے، جس نے سڑک پر سفر کرنے والوں اور نزدیک ابادی کے عوام کو ذہنی طور پر بیمار کردیا ہے، صحافی کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے جب ٹھیکیدار سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا ہے کہ حکومت فنڈز نہیں دے رہی اس وجہ سے سڑک پر کام بند ہے، ایک ما ہ سے مسلسل اب ٹھیکیدا ر سڑک کی تعمیر کے حوالے سے فون بھی اٹینڈ نہیں کررہا ہے، جس کے بعد مجبور ا میں نے صارف کورٹ میں این ایچ اے اور ٹھیکیدار کیخلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔