سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔21ستمبر2017ء ) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سوات میں پشتو اور اسلامیات سمیت چھ شعبہ جات میں بی ایس پروگرام کا اجراء کر دیا گیا، اس حوالے سے ودودیہ ہال سیدو شریف میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان،ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ،پرنسپل شوکت بیگ،پروفیسرز،لیکچررزکی کثیر تعداد شریک ہوئی،تقریب سے خطاب میں چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا کہ جہانزیب کالج کی تعمیر نو پر 39کروڑ روپے جبکہ اسی کالج کے بی ایس بلاک کی تعمیر پر 8کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ وتکے اور سیدو شریف کے علاوہ متعدد سکولوں میں ہائرسیکنڈری کلاسز کا اجراء کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہانزیب کالج میں بی ایس پشتو کورسز کے اجراء سے ہماری مادری زبان کی ترقی اور ترویج ممکن ہو سکے گی،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بی ایس پشتو کورسز کے اجراء سے سوات اور ملاکنڈڈویژن کے طلبہ کو اپنی مادری زبان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے،اس موقع پرپرنسپل شوکت بیگ،پروفیسرعطاء الرحمن،پروفیسرڈاکٹر سلطان روم ،پروفیسرمحمدشاکراور دیگر نے بھی خطاب کیااور بی ایس پروگرام پر روشنی ڈالی۔واضح رہے کہ جہانزیب کالج صوبہ کا پہلاپوسٹ گریجویٹ کالج ہے جس میں پشتو زبان وادب میں بی ایس کورسزکا اجراء کیا گیا ہے، بی ایس پشتو میں 55 طلبہ نے داخلہ لیا ہے جن میں دو طالبات بھی شامل ہیں۔