سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔25اگست 2017ء )سوات کی حلقہ پی کے 80میں دسمبر 2017تک مکمل ہونے والے تمام مردانہ و زنانہ پرائمری ، مڈل و ہائی سکولوں کو سو فیصد بجٹ ریلیز کرنے کا فیصلہ، جمعہ کے روز صوبائی وزیر برائے سپورٹس ، کلچر، آر کائیوز و امور نوجوانان محمود خان کی زیر صدارت ڈی سی آفس سوات میں منعقدہ اجلاس جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ محکمہ تعلیم کے پی ارشدخان ، اے ڈی سی محمد طاہر ، ڈی ای او مردانہ محمد امین ، ڈی ای او زنانہ زیب النساء ، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ حمید اللہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں ہر زیر تکمیل سکول کے کام کا مفصل جائزہ لیا گیا اور ان تمام سکولوں کو 100 فیصد فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو دسمبر 2017تک مکمل ہو سکتے ہیں ۔ارشد خان نے وضاحت کی کہ صوبہ میں 402ہایئر سیکنڈری سکولوں کے standardizationپراجیکٹ کے تحت ضلع سوات میں 6سکولوں میں تعمیراتی کام مکمل جبکہ 12 سکولوں پر کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اربوں روپے کا یہ منصوبہ DFIDاور صوبائی حکومت مساوی فنڈز فراہم کرکے مکمل کررہے ہیں ۔اس منصوبہ کے تحت ان سکولوں میں چاردیواری ، ضروری کمروں کی تعمیر ، ہال ، کمپیوٹر لیب ،لائبریری ، بجلی ، پانی ، فرنیچر اور دیگر ضروریات کو پورا کیا جائے گا تاکہ صوبہ میں حقیقی تعلیمی انقلاب کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر محمود خان نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کام کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی کاموں کی مو ثر نگرانی کو یقینی بناتے ہوئے ٹھیکیداروں کو غفلت اور کوتاہی کا موقع بالکل نہ دیں ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے انقلابی اقدامات انتہائی خوشگوار نتائج د ے رہے ہیں جو عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی کی صورت میں نظر آئیں گے۔انھوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، پولیس ، پٹوار سسٹم ، ماحولیات ، رائٹ ٹو سروسز اور رائٹ ٹو انفارمیشن کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں میں اصلا حات اور اقدامات ملکی اور غیر ملکی سطح پر سند تصدیق حاصل کر چکے ہیں