سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔30ستمبر2017ء )خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ مواصلات و تعمیرات کسی بھی ملک اور علاقے کے لئے ترقی کا زینہ ہوتے ہیں اس لئے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں اربوں کی خطیررقم سے بڑی بڑی شاہراہوں اور سڑکوں کا وسیع جال پھیلانے کے لئے مصروف ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مٹہ تا فاضل بانڈہ زیر تعمیر سڑک کے معائنے کے دوران موقع پر موجودمعززین علاقہ سے بات چیت کرتین ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایکسین ہائی وے سوات نے صوبائی وزیر کو مذکورہ سڑک کے آخری پیکج کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکج پر ٹھیکیدار نے کام شروع کر دیا ہے اور 30نومبر2017تک اس پر تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو بہترین انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچارہے ہیں ۔