سوات (زما سوات ڈاٹ کام 08اگست 2017ء )ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر محمد اعجاز خان نے کہا ہے کہ سوات سے جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ضلع بھر کے پولیس افسران عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں، یوم آزادی اور عید الاضحی کے موقع پر سیکیورٹی کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں افسران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ پولیس فورس کے جوان اور افسران اپنی پوری توجہ دہشت گردی کی روک تھام پر رکھیں کیونکہ 14اگست اور عید الاضحی کے موقع پر شرپسند عناصر سیاحوں کا روپ دھاکر اپنے مذموم عزائم کو پورا کرسکتے ہیں،انہوں نے خبردار کیا کہ کرایہ دار وں اورہوٹلوں کے مسافروں پر خاص نظر رکھی جائے تاکہ کوئی دہشت گرد ان جگہوں کا غلط استعمال نہ کرسکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹلوں کو باقاعدگی کے ساتھ چیک کرتے ہوئے مسافروں کے کوائف کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔ آل ایس ڈی پی اوز کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کی کڑی نگرانی رکھیں تاکہ کوئی شرپسند داخلہ راستوں کو استعمال نہ کرسکیں،ڈی پی او سوات نے دوران چیکنگ لوگوں کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی تاکہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو،پولیس افسران کو خبردار کرتے ہوئے ڈی پی او محمد اعجاز نے کہا کہ پولیس فورس میں جرائم پیشہ عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں ، ان پولیس اہلکاروں کا نام سامنے لایا جائے جو مختلف جرائم میں ملوث ہوں تاکہ ا ن کے خلاف کارروائی کی جاسکے، انہوں نے شہر بھر کی مارکیٹوں اور دکانوں کی حفاظت کیلئے چوکیدار رکھنے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔