سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔21جولائی 2017ء )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل،ثقافت،میوزیم،امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین پی ٹی آئی کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اس لئے وہ پی ٹی آئی کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈے پھیلا رہے ہیں لیکن صوبے کے غیور عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اور اب وہ ان نام نہاد پختونوں کے حقوق کے علمبردار وں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع لابٹ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے این پی کے اہم کارکنوں محمد لائق،انور علی ،حضرت نبی اور دیگر نے اپنے خاندانوں و سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ محمود خان نے سیکشن فور لگانے کے حوالے سے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے سیکشن فو رلگانا متعلقہ محکمے اور ضلعی و مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اس میں صوبائی وزیر یا ایم پی اے کا کوئی تعلق نہیں،انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد موقع پرست لوگ علاقے کی تعمیر و ترقی نہیں چاہتے لیکن ان کی گمراہ کن پروپیگنڈوں سے ترقیاتی منصوبے ہر گز متاثر نہیں ہوں گے اور پی ٹی آئی کی حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے کوشاں ر ہتے ہوئے آئندہ 2018کے انتخابات میں نام نہاد سیاستدانوں کو عبرت ناک شکست سے دوچار کر ے گی،انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 4ارب روپے کی لاگت سے آبنوشی کے 24ٹیوب ویلز کی تنصیب اورایک ارب روپے کی لاگت سے باغ ڈھیری ایریگیشن سکیم کا عظیم منصوبہ جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا جس سے8ہزار ایکڑاراضی سیراب اور قابل کاشت ہوگی۔اس کے علاوہ حلقہ نیابت کے تقریباً تمام دیہاتوں کو بجلی کی سہولت فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ماضی میں علاقے کو ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا مگر پی ٹی آئی حکومت نے حلقہ نیابت کو دیگر ترقیاتی حلقوں کے برابر لانے کے لئے 15ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے ہیں جن سے علاقے کی سابقہ محرومیوں کا ازالہ ہونے کے ساتھ ساتھ ترقی و خوشحالی کا انقلاب برپا ہوگا۔