سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔27جولائی 2017ء )چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم نے کہا ہے کہ مینگورہ میں واسا ادارے کے فعال ہونے سے شہریوں کو آب نوشی ، نکاسی آب اور صفائی کے جدید نظام کی بدولت درپیش مسائل سے نجات ملے گی،واسا کے ذریعے طویل المدتی منصوبوں میں ساڑے آٹھ ارب روپے کی لاگت سے شین ٹو مینگورہ گریویٹی سپلائی سکیم اور کچرے سے بجلی پیدا کرنے جیسے عظیم الشان منصوبے شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹی ایم اے مینگورہ اور واسا کے مابین معاہدہ کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔تقریب میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ،ضلع ناظم محمد علی شاہ ،تحصیل ناظم بابوزئی اکرام خان ،بورڈ آف گورنر زواسامینگورہ کے ممبران وعہدیداروں،ضلعی ،تحصیل کونسلرز،وکلاء،معززین شہراور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔فضل حکیم نے سوات خصوصاً مینگورہ سیدوشریف کے لوگوں کو تاکیدکی کہ وہ واسا کے عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہمارا شہر جدید دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کے قابل ہوسکے۔انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ سوات اور شہر کی ترقی کیلئے مشترکہ کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ مینگورہ میں نکاسی آب کی ایک میگا سکیم 31کروڑروپے کی لاگت سے چند ہی دنوں میں شروع ہونے والی ہے۔انہوں نے واسا ذمہ داران کو ہدایت کی کہ انجینئراور ٹھیکیداروں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ہرمنصوبے کے معیار کا خصوصی خیال رکھیں۔تقریب سے سیکریڑی بلدیات ،ضلع ناظم ،تحصیل ناظم بابوزئی اور چیئرمین بورڈ شوکت شرارنے بھی خطاب کیاجبکہ تقریب کے آخر میں واسا اور ٹی ایم اے کے مابین باضابطہ طور پر معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔