بلاول کی پیشکش؛ حکومتی رابطہ کمیٹی کا ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ
کراچی(ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوکی ایم کیو ایم کوحکومت گرانے میں ساتھ دینے کی پیشکش کے معاملے میں ایم کیوایم پاکستان کی قیادت 2 حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک گروپ نے بلاول بھٹو کی پیشکش پرسنجیدگی سے غور کرنے کا مطالبہ کیا جب کہ دوسرے گروپ نے وفاقی حکومت کا حصہ بنے رہنے پر اتفاق کیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق حکومتی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی وفد وزیراعظم کی ہدایت پررواں ہفتے ایم کیوایم قیادت سے ملاقات کرے گا۔
حکومتی وفد جہانگیرترین کی قیادت میں ملاقات کرے گا جس میں ایم کیوایم کے تحفظات، مطالبات اور سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات ہوگی۔
ملاقات میں اتحادیوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اورتحریری معاہدے پر غورہوگا جبکہ فنڈزکے اجراء، بلدیاتی اختیارات، گمشدہ واسیرکارکنان اورپارٹی آفس کھولنے کے معاملے پرتحفظات کودورکیا جائے گا۔