جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور انصاف پر مبنی قراردیدیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام۔28جولائی2017ء) نوازشریف کی نا اہلی کی خوشی میں جماعت اسلامی سوات کی جانب سے اظہار تشکر ریلی اور پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جماعت اسلامی سوات کے امیر اور سابق ایم پی اے محمد امین نے سوات پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس اور بعد ازاں اظہار تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ کیس میں ملوث وزیراعظم نوازشریف کے خلاف سب سے پہلے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ، سپریم کورٹ کے تمام پانچ ججوں نے انصاف پر مبنی تاریخی فیصلہ دیا ان پانچ ججوں کے نام تاریخ میں سنہریحروف سے لکھے جائیں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امراء حاجی نوید اقبال ، فضل واحد طوطا ، جنرل سیکرٹری مفتی شیر محمد، شعبہ تربیت کے انچارج حاجی محمد یاسین ، علی حیدر اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ سراج الحق کی قیادت میں پاکستان میں تمام کرپٹ عناصر منطقی انجام تک پہنچیں گے ، عدالت میں ثابت ہوا کہ نوازآئین کے دفعات 63 ،62 پر پورے نہیں اترے اسلئے تاحیات نا اہل ہوں گے، انہوں نے کہاکہ سراج الحق اکتیس جولائی کو کالام میں دو بجے شمولیتی جلسہ سے خطاب کریں گے اور بحرین کے مقام پر کارکنان اور عوام ان کا تاریخی استقبال کریں گے۔ پریس کانفرنس کے بعد جماعت اسلامی ورکروں ، مقامی قائدین اور جے آئی یوتھ کے جوانوں نے نشاط چوک تک تشکر ریلی نکالی اور نعرہ بازی کی ۔