خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین گتھم گتھا
پشاور(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا (کے پی کے) اسمبلی میں آج بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی، اپوزیشن اور حکومتی اراکین ایک دوسرے گتھم گتھا بھی ہوئے۔ کے پی کے اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا ، اس دوران خوب شور شرابا ہوا اور ایوان مچھلی بازار بنا رہا۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان میں اپوزیشن اراکین اسپیکر ڈیسک کے سامنے کھڑے رہے اور خوب شور شرابا کیا جب کہ اس دوران وہ حکومتی اراکین سے گتھم گتھا بھی ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن نگہت اورکزئی اپنے ڈیسک پر مسلسل کھڑی رہیں اور ان کی اسپیکر مشتاق غنی سے گرما گرمی بھی ہوئی۔ اسپیکر مشتاق غنی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا ۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان میں خوب شور شرابا ہوا تھا اور اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیاتھا۔