سخرہ کے عوام نے چندوں سے رابطہ پل پر تعمیراتی کام شروع کردیا
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔30جولائی 2017ء )حکومتی ترقیاتی دعووں سے محروم سخرہ کی عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت چندوں سے رابطہ پل تعمیر کرنا شروع کردیا ، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عملی اقدامات کی بجائے زبانی جمع خرچ سے کام چلارہی ہے ، متاثرہ عوام کی دہائی، ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے گڑھ یونین کونسل سخرہ مٹہ میں400 گھرانوں پر مشتمل 3000 کی آبادی پر مشتمل علاقے گاؤں شیخان کلی کارابطہ پل دوماہ قبل برساتی نالے کی وجہ سے خراب ہوگیا تھا جس پر مکینوں کے مطابق دوبارہ تعمیر کے لئے انہوں نے ہر در پر حاضری دی لیکن شنوائی نہ ہوسکی اور بالآخر علاقہ مکینوں نے اپنی مددآپ کے تحت چندہ اکھٹاکرکے رابطہ پل کی تعمیر شروع کردی ہے۔ عمائدین علاقہ محمد زادہ، افضل خان اور دیگر نے میڈیا کوتفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ رابطہ پل کی عدم موجودگی کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکا رہیں،علاقے سے منتخب ممبران اسمبلی اوردیگر ذمہ داروں سے بارہا شکایت کی لیکن شنوائی نہ ہونے پر اپنی مدد آپ کے تحت پل بنانے پر مجبور ہوئے ، انہوں نے اس حوالے سے صوبائی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔